وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس سے قبل آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز اور وزیر خارجہ پینی وونگ نے مشرق وسطیٰ میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان 2 ہفتوں کی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے کہا تھا کہ وہ طویل عرصے سے کشیدگی میں کمی اور تنازع کے خاتمے کا مطالبہ کرتا آ رہا ہے ، اور یہ جنگ بندی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی جانب اہم پیشرفت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی عملی بندش اور توانائی تنصیبات پر حملوں نے عالمی منڈیوں کو متاثر کیا اور تیل و گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
آسٹریلیا نے کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں میں پاکستان، مصر، ترکیہ اور سعودی عرب کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی برقرار رہے گی اور خطے میں دیرپا امن قائم ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے کی جانے والی 2 ہفتے کی جنگ بندی کی درخواست کو قبول کر لیا ۔