دنیا کی معروف لگژری کار ساز کمپنی فراری نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک اسپورٹس کار کے نام اور اندرونی ڈیزائن کی ابتدائی تصاویر پیش کر دی ہیں۔
اس نئی گاڑی کو ’’فراری لوس‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جو کمپنی کے لیے الیکٹرک ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کے ایک نئے دور کا آغاز تصور کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فراری لوس کمپنی کی پہلی مکمل الیکٹرک اسپورٹس کار ہے ، لفظ ’’لوس‘‘ اطالوی زبان میں روشنی کے ہیں ہے، ابتدائی مراحل میں اس پروجیکٹ کو ’’ایلیٹریکا‘‘ کہا جاتا تھا، تاہم اب اسے باضابطہ طور پر لوس کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔
فراری کیجانب سے جاری کی گئی اندرونی تصاویر میں گاڑی کے لگژری اور اسپورٹی کیبن کی جھلک نمایاں ہے ، کار میں اعلیٰ معیار کے چمڑے سے تیار کردہ بکٹ سیٹس شامل ہیں جو آرام اور اسپورٹس ڈرائیونگ دونوں کا بہترین امتزاج پیش کرتے ہیں۔
اندرونی ڈیزائن میں ٹچ اسکرین کے بجائے فزیکل بٹن اور ٹوگل سوئچز کو ترجیح دی گئی ہے، جو کلاسیکی فراری اسٹائل کی عکاسی کرتا ہے۔
اسٹیرنگ وہیل میں ایلومینیم کے سوئچز شیشے کے پوڈز میں نصب کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے ڈرائیونگ موڈز اور دیگر اہم فیچرز کنٹرول کیے جا سکتے ہیں۔ گیج ڈسپلے جدید لیئرڈ OLED اسکرینز پر مشتمل ہے جو ڈرائیور کو واضح اور مرکوز معلومات فراہم کرتا ہے۔
سنٹر کنسول میں کلاسیکی انداز کا ایک کلاک بھی شامل ہے، جو سوئیوں کے ذریعے مختلف افعال میں تبدیل ہو سکتا ہے، شیشے سے تیار کردہ گیئر شفٹر ہموار فریم میں حرکت کرتا ہے، جبکہ گاڑی کی چابی کنسول میں رکھنے پر رنگ تبدیل کرتی ہے، جو لگژری اور ڈرامائی تاثر پیدا کرتی ہے۔
فراری نے لوس کے ڈیزائن پر پانچ سال تک لوفرام کے ساتھ کام کیا، جو جونی آئیو اور مارک نیوسن کی تخلیقی کمپنی ہے اور ایپل مصنوعات کے ڈیزائن کے لیے جانی جاتی ہے۔
کار میں چار الیکٹرک موٹرز نصب ہیں، ہر پہیے پر ایک موٹر، جو مجموعی طور پر 1,000 سے زائد ہارس پاور فراہم کرتی ہیں۔ فراری کے مطابق، لوس صرف 2.5 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس گاڑی میں ایک منفرد ساؤنڈ سسٹم شامل ہوگا جو الیکٹرک موٹر کی اصل کمپن کو بڑھا کر ڈرائیور کو ’’حقیقی الیکٹرک فراری‘‘ کا احساس دے گا، بغیر کسی جعلی انجن کی آواز کے۔
فراری نے اعلان کیا ہے کہ لوس کا مکمل بیرونی ڈیزائن مئی میں پیش کیا جائے گا، اس ماڈل کے ذریعے فراری نہ صرف الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا میں قدم رکھ رہا ہے بلکہ اپنے برانڈ کے لیے ایک نئی ڈیزائن سمت بھی متعارف کرا رہا ہے۔