وزارت داخلہ و دفاع کی مشترکہ حکمت عملی، ایئرپورٹس کی سیکیورٹی بہتر بنانے کا فیصلہ

وزارت داخلہ و دفاع کی مشترکہ حکمت عملی،  ایئرپورٹس کی سیکیورٹی بہتر بنانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے درمیان مشترکہ حکمت عملی کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایئرپورٹس پر عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور سکیورٹی نظام کو مؤثر بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی یقینی بنائی جائے گی تاکہ مسافروں کو فوری اور آسان سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

ایئرپورٹس پر چیکنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جدید ترین مشینری نصب کی جائے گی، جبکہ جوائنٹ کاؤنٹرز قائم کرنے اور ایک ہی مقام پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ کا نظام متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :اسمارٹ میٹرز لازمی ؟ بجلی صارفین کیلئے اہم خبر آگئی

اجلاس میں ای گیٹس کی تنصیب سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس کے ذریعے مسافروں کو تیز تر کلیئرنس اور کم وقت میں امیگریشن سہولت میسر آئے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے  کہ ایک ہی سکینر پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ سے وقت کی بچت ممکن ہوگی جبکہ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے ایئرپورٹس پر رش اور انتظار کے دورانیے میں نمایاں کمی لائی جا سکے گی، عوام کو جدید، تیز اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ ایئرپورٹس پر طیاروں کو پرندوں کے ٹکراؤ سے ہونے والے نقصان اور ممکنہ حادثات سے بچانے کے لیے جدید ترین مشینری درآمد کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان، ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید اور ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *