پاکستان نیوی میں جدید ترین پلیٹ فارمز اور مخصوص ٹیکنالوجیز شامل کی گئی ہیں تاکہ دشمن کے اہم انفراسٹرکچر اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت مزید بڑھائی جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان نیوی میں دوسرے پی این مرجم کلاس کارویٹ، پی این ایس خیبر کی شمولیت کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نیول چیف ایڈمرل نوید رشرف نے خطاب کیا۔
ایڈمرل نوید رشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان دنیا کے اہم توانائی کے بحری راستوں پر واقع ہے اور یہاں کی بحری سیکیورٹی کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی مفادات کے تحفظ اور بحری تجارتی راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے طاقتور بحری قوت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نیول چیف نے معرکہ حق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ بھارتی طیارہ بردار جہاز “وکرانت” کو غرق کرنے کے لیے بالکل تیار تھی۔ ایڈمرل نوید رشرف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے بحری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
نیول چیف نے پی این ایس خیبر اور مستقبل میں آنے والی ہنگور کلاس آبدوزوں کو ملک کی بحری دفاع کے لیے سیسا پلائی دیوار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کے دفاع اور خودمختار سمندروں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو مزید تقویت دی گئی ہے۔