بنوں کے تھانہ ڈومیل پر خوارج کا بزدلانہ خود کش حملہ ناکام، خودکش حملہ آور نے تھانے کے باہر سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا، 7 خواتین اور بچوں سمیت 10 معصوم اور نہتے افراد شہید، 4 شدید زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخؤا کے ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اسٹیشن کے قریب خوارج کا بزدلانہ خودکش حملہ، جس کے نتیجے میں قریبی آبادی شدید متاثر ہوئی۔ دھماکے سے 10 افراد شہید ہو گئے، جن میں 7 خواتین، ایک بچہ اور دو مرد شامل ہیں۔ 4 افراد زخمی ہیں۔
ریسکیو ذرایع کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد ملبہ ہٹانے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
اس حوالے سے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بہترین حفاظتی اقدامات کی بدولت تھانہ ڈومیل پر حملہ ناکام ہوا لیکن خوارج کی بزدلی کی وجہ سے عام آبادی کو نقصان اٹھانا پڑا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یہ عناصر بنوں کے امن پسند عوام کو دہشت گردی میں جھونکنا چاہتے ہیں، تاہم ان خوارج کا خاتمہ یقینی ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ تمام خوارج کے خاتمے تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: مہمند سیکٹر: تحریکِ طالبان افغانستان کی جارحیت پر پاکستانی سیکورٹی فورسز کی بھر پور جوابی کاروائی، ٹی ٹی اے پوسٹ تباہ