ٹی20 ورلڈ کپ: سری لنکا نے اُومان کے خلاف رنزکا پہاڑ کھڑا کردیا، ٹورنامنٹ کا سب بڑا اسکور

ٹی20 ورلڈ کپ: سری لنکا نے اُومان کے خلاف رنزکا پہاڑ کھڑا کردیا، ٹورنامنٹ کا سب بڑا اسکور

سری لنکا نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ بی کے 16ویں میچ میں اُومان کے خلاف شاناکا اور رتھ نایاکے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر225 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے جو کہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

اُومان کے کپتان جاتندر سنگھ کی جانب سے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد سری لنکا کو ابتدائی جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن بعد میں بلے بازوں نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے آخری پانچ اوورز میں 79 رنز بنائے، جہاں رن ریٹ 15.80 تک جا پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ دیکھنے سری لنکا جانے کے خواہشمند شائقین کے لیے خوشخبری

سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا۔ کامل مشارا 8 رنز بنا کر جے اودیڈرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد پاتھم نسانکا 13 رنز بنا کر صوفیان محمود کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، جس سے 42  کے مجموعی اسکور پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

کوشل مینڈس کا سہارا، رتھ نایاکے کی جارحانہ بیٹنگ

کوشل مینڈس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 61 رنز بنائے، جن میں 7 چوکے شامل تھے۔ دوسری جانب پون رتھ نایاکے نے میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 60 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ دونوں کے درمیان اہم شراکت قائم ہوئی جس نے سری لنکا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

کپتان شاناکا کی برق رفتار نصف سنچری

کپتان داسن شاناکا نے صرف 20 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔ ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ نے آخری اوورز میں اُومان کے بولرز کو دباؤ میں رکھا۔

آخری اوورز میں تیز رفتاری

کامندو مینڈس نے 7 گیندوں پر ناقابلِ شکست 19 رنز بنائے جبکہ دونتھ ویلالاگے نے 4 گیندوں پر 6 رنز اسکور کیے۔ اس طرح سری لنکا نے 20 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 225  کا پہاڑ کھڑا کر دیا اور اومان کو جیت کے لیے 226 رنز کا ہدف دے دیا۔

اُومان کی بولنگ مشکلات کا شکار

جیتن رامانندی اُومان کے سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ صوفیان محمود اور جے اودیڈرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، لیکن آخری اوورز میں سری لنکا کے بلے بازوں کو روکنے میں ناکام رہے۔

اُومان کو مشکل ہدف درپیش

اُومان کو جیت کے لیے 226 رنز کا مشکل ہدف ملا ہے۔ میچ کے وقفے تک سری لنکا کی جیت کے امکانات 89.10 فیصد دکھائے جا رہے ہیں۔ اُومان کے اوپنرز کو ایک یادگار اننگز کھیلنا ہوگی تاکہ وہ اس بڑے ہدف کو حاصل کر سکیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *