اپنی چھت اپنا گھر سکیم سے متعلق اہم خبر آگئی

اپنی چھت اپنا گھر سکیم  سے متعلق اہم خبر آگئی

پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے منصوبے اپنی چھت اپنا گھر کے تحت شہریوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

اس پروگرام کا مقصد کم آمدنی والے افراد کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے ذاتی گھر کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس منصوبے میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 19 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اب تک 11 لاکھ 35 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین سے ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سکندر ذیشان نے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران انہیں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی پیش رفت اور دیگر محکمانہ امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک ایک لاکھ 31 ہزار 680 افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جس کے ذریعے ہزاروں خاندان اپنے گھروں کی تعمیر شروع کر چکے ہیں۔

حکام کے مطابق رواں ماہ مزید 18 ہزار 375 افراد کو قرض فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ اس منصوبے کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں اس پروگرام کے تحت اب تک 83 ہزار 330 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں ، جبکہ 45 ہزار 425 گھروں کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ منصوبے کے ذریعے نہ صرف رہائشی سہولت فراہم کی جا رہی ہے بلکہ تعمیراتی شعبے میں بھی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک 183 ارب روپے سے زائد کی رقم مستحق افراد میں تقسیم کی جا چکی ہے،  اس کے ساتھ ساتھ قرضوں کی واپسی کا عمل بھی جاری ہے اور اب تک 8 اعشاریہ 4 ارب روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کو شفاف انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *