بسنت پر اندرون ملک ائر لائنز کے ٹکٹس کے متعلق بڑی خبر

بسنت پر اندرون ملک ائر لائنز کے ٹکٹس کے متعلق بڑی خبر

لاہور میں بسنت کے انعقاد سے قبل ایئر لائنز کی جانب سے فضائی کرایوں میں غیر معمولی اضافہ سامنے آ گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی پروازوں کے ایک طرفہ ٹکٹ کی قیمت 68 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ چند ہفتے قبل یہی کرایہ 28 سے 32 ہزار روپے کے درمیان تھا۔ بڑھتی ہوئی طلب کے باوجود کرایوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

بسنت کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملک بھر اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں افراد لاہور کا رخ کر رہے ہیں۔ متعدد شہریوں نے اندرونِ شہر اور فصیل بند علاقے میں چھتیں پہلے ہی بک کروا رکھی ہیں، جس کے باعث فضائی سفر کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ من مانے کرایوں نے ان کے سفر کو انتہائی مہنگا بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کا بسنت کے متعلق اہم فیصلہ، مزید 4اضلاع کیلئے بڑا حکم جاری

دوسری جانب بسنت کے موقع پر پتنگ اور ڈور کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے تہوار کی خوشیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پتنگ باز ایسوسی ایشنز اور متعلقہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہیں، حالانکہ سستی فراہمی کے اعلانات کیے جاتے رہے۔

ذرائع کے مطابق پتنگ باز تنظیموں نے مارکیٹ کی طلب اور زمینی حقائق کا بروقت اندازہ نہیں لگایا اور لاہور سے باہر سے پتنگوں کی فراہمی کے لیے اجازت بھی تاخیر سے طلب کی گئی۔ بعد ازاں اجازت ملنے کے باوجود قیمتیں کم نہ ہو سکیں۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف پتنگ باز ایسوسی ایشنز کے درمیان اختلافات بھی انتظامات کو متاثر کرتے رہے۔ ضلعی انتظامیہ کو متعدد نئی ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کی درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 20 کی منظوری دی گئی جبکہ دیگر درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *