آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سلسلے میں کولمبو میں شیڈول پاک بھارت ٹاکرے سے قبل سفری اور رہائشی اخراجات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد اس اہم مقابلے کو اسٹیڈیم میں دیکھنے کے لیے سری لنکا کا رخ کر رہی ہے، جس کے باعث فضائی ٹکٹوں اور ہوٹلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔
ٹریول پلیٹ فارمز کے اعداد و شمار کے مطابق فلائٹ بکنگ میں تقریباً 65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوٹل ریزرویشن میں بھی 50 فیصد تک اضافہ سامنے آئی ہے، مانگ میں اس اچانک اضافے نے مارکیٹ میں قیمتوں کو نمایاں طور پر اوپر دھکیل دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ممبئی سے کولمبو کے ریٹرن ٹکٹ کی قیمت تقریباً 60 ہزار بھارتی روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے، عام دنوں میں نسبتاً کم رہنے والے کرایے اس بڑے میچ کی وجہ سے کئی گنا بڑھ گئے ہیں، جس سے شائقین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب ہوٹل انڈسٹری بھی اس صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے، کولمبو سمیت قریبی شہروں میں ہوٹلوں کی گنجائش تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ 13 سے 16 فروری کے درمیان ایک رات کے کمرے کا کرایہ ایک لاکھ بھارتی روپے سے تجاوز کر گیا ہے، جو عام نرخوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
ادھر سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول پاک بھارت میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی کی ہے۔