فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنےمظفرآباد کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے آزادی کی جدوجہد کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء یادگار پر پھول چڑھائے اور کشمیری عوام کی قربانیوں اور بہادری کو یاد کیا، فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعل راہ رہیں گی اور ان کے جذبے سے ہر پاکستانی متاثر ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے مقامی عمائدین اور سابق فوجیوں سے ملاقات کی اور بھارتی قابض افواج کے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ہندوتوا نظریے کے تحت کیے جانے والے مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ یہ تمام اقدامات کشمیری عوام کے جائز حقوق اور آزادی کی تحریک کو دبانے میں ناکام رہے ہیں اور کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم کو کم نہیں کر سکتے۔
فیلڈ مارشل نے پاکستان کی کشمیری عوام کے لیے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کو دہرایا اور کہا کہ کشمیر جلد آزادی کی صبح دیکھے گا، جو کشمیری عوام کی مرضی اور تقدیر کے مطابق ہوگی۔
انہوں نے عالمی فورمز پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے عزم کو بھی دہرایا اور کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل تک اجاگر کرتا رہے گا۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم، بلند حوصلہ اور آپریشنل تیاری کو سراہا اور کہا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہر وقت مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے محاذ پر موجود جوانوں سے ملاقات میں اس امر پر زور دیا کہ کسی بھی جارحانہ کارروائی کا فوری اور موثر جواب دیا جائے گا۔ فیلڈ مارشل نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی مسلح افواج کسی بھی روایتی یا ہائبرڈ خطرے کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔اس سے قبل مظفرآباد پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال کورکمانڈر راولپنڈی نے کیا۔