وزارتِ خزانہ نے گریڈ 1 سے گریڈ 15 تک کے سرکاری ملازمین کے لیے ایک اہم وضاحت جاری کر دی ہے۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسپیشل ڈسپنسیشن پالیسی 2023 کے تحت ہائر ٹائم اسکیل حاصل کرنے والے ملازمین کو تمام مالی فوائد مکمل طور پر دیے جائیں گے۔
آفس میمورنڈم کے مطابق جن ملازمین کو ہائر ٹائم اسکیل دیا جائے گا، انہیں بنیادی پے اسکیل کے بجائے نئے ہائر اسکیل کے مطابق تنخواہ اور الاؤنسز ادا کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے سرکاری ملازمین کی مالی حالت میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
وزارتِ خزانہ نے وضاحت کی ہے کہ یہ فیصلہ یکم جولائی 2025 سے مؤثر ہوگا۔ اس حوالے سے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کو ہدایات بھیج دی گئی ہیں تاکہ پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ وضاحت ملازمین میں پائی جانے والی ابہام کی کیفیت کو دور کرنے کے لیے ضروری تھی، تاکہ ہائر ٹائم اسکیل حاصل کرنے والے ملازمین کو ان کے حقوق کے مطابق مالی مراعات مل سکیں۔
دوسری جانب سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیموں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے نچلے گریڈ کے ملازمین کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور ان کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔