پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز حیدرآباد نے کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے اپنی ٹیم کے نام اور لوگو کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے
ٹیم کی رونمائی کی تقریب حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جہاں کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات، مقامی شائقین اور فرنچائز انتظامیہ نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز اسلام آباد میں حالیہ دھماکے کے شہدا کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا، جس کے بعد فرنچائز کے مالک فواد سرور نے ٹیم کے نام “حیدرآباد کنگزمین” کا باضابطہ اعلان کیا اس موقع پر ٹیم کا لوگو بھی پیش کیا گیا، جسے حاضرین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
حیدرآباد کنگزمین نے اپنی کوچنگ اسٹاف کے اعلان کے ساتھ ہی مضبوط ارادوں کا اظہار کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت ،قیمت کتنی ہوگی؟
گلیسپی اس سے قبل پاکستان قومی ٹیم کے ساتھ بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث انہیں پاکستانی کرکٹ کے ماحول کا اچھا تجربہ حاصل ہے۔
اسی طرح بریڈ برن کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جو 2018 سے 2020 کے دوران پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔
فرنچائز نے بین الاقوامی سطح پر بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آسٹریلیا کے معروف بلے باز مارنس لبوشینے کو براہِ راست سائن کر لیا ہے۔لبوشینے آئندہ سیزن میں پہلی بار پی ایس ایل کھیلتے نظر آئیں گے، جس سے لیگ کی عالمی کشش میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
اس سے قبل حیدرآباد کنگزمین نے اپنے ابتدائی اسکواڈ کا بھی اعلان کیا تھا، جس میں صائم ایوب، عثمان خان، معاذ صداقت اور عاکف جاوید شامل ہیں۔
صائم ایوب کو پلاٹینیم کیٹیگری میں 12 کروڑ 60 لاکھ روپے میں برقرار رکھا گیا، جس کے بعد وہ رواں سیزن کے مہنگے ترین پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
عثمان خان کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں 4 کروڑ 62 لاکھ روپے، عاکف جاوید کو گولڈ کیٹیگری میں 1 کروڑ 96 لاکھ روپے جبکہ معاذ صداقت کو ایمرجنگ کیٹیگری میں 3 کروڑ 50 لاکھ روپے میں ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
حیدرآباد کنگزمین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا مقصد نہ صرف پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھانا ہے بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کو بھی آگے لانا ہے،کرکٹ شائقین اب بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کہ یہ نئی فرنچائز میدان میں کس انداز سے اپنی پہچان بناتی ہے۔

