قومی بچت مرکز لاہور کی جانب سے سال 2026 کے پندرہ سو روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی پہلی قرعہ اندازی 16 فروری کو منعقد کی جائے گی، جس میں شہریوں کو خطیر نقد انعامات جیتنے کا موقع حاصل ہوگا۔
حکام کے مطابق تمام پاکستانی شہری اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے دفاتر، مجاز کمرشل بینکوں کی شاخوں اور قومی بچت مراکز سے اصل قومی شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ درخواست جمع کرا کر پرائز بانڈ خرید سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے ایئر ٹکٹس میں خصوصی رعائت دے دی گئی
قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب افراد اپنی انعامی رقم اسٹیٹ بینک کے فیلڈ دفاتر، نامزد کمرشل بینک برانچز یا قومی بچت مراکز سے مقررہ کلیم فارم مکمل کرنے کے بعد وصول کر سکیں گے۔
اعلان کردہ انعامی تفصیلات کے مطابق پہلا انعام 30 لاکھ روپے ہوگا، جبکہ دوسرا انعام تین خوش نصیبوں کو 10،10 لاکھ روپے دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 1,696 افراد کو تیسرے انعام کے طور پر 18 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔
ترمیم شدہ ٹیکس پالیسی کے تحت انعامی رقم پر ٹیکس بھی لاگو ہوگا۔ فائلرز سے 15 فیصد جبکہ نان فائلرز سے 30 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
قومی بچت حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے پرائز بانڈز اور رسیدیں محفوظ رکھیں اور قرعہ اندازی کے نتائج کی تصدیق سرکاری ذرائع سے کرنے کے بعد ہی انعامی رقم کے حصول کے لیے درخواست جمع کرائیں۔

