بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے فرنٹیئرکور(ایف سی) ہیڈکوارٹر بلوچستان میں لا کالج، تربت کے اساتذہ اور طلبہ کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی، جس میں ان کی کابینہ کے 4 ارکان بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر طلبا کے لیے اہم اعلانات بھی کیے۔
فرنٹیئر کور (ایف سی ) ہیڈ کوارٹر میں اس افطار پروگرام کے دوران وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کورس (آئی جی ایف سی) کے درمیان تفصیلی نشست بھی ہوئی ، جس میں کالج کے 8 اساتذہ اور 60 کے قریب طلبہ بھی شریک ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ’آئی جی ایف سی‘ نے طلبہ کے متعدد سوالات کے جواب دیے اور تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی کے مواقعوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے طلبہ کے لیے 2 خصوصی تعلیمی دوروں کا اعلان کیا، جن میں ایک دورہ کوئٹہ میں ہائیکورٹ کے لیے اور دوسرا دورہ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے لیے طے کیا گیا، اس کے علاوہ طلبہ کو انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ عملی تجربہ حاصل کر سکیں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔
اساتذہ کے مسائل پر بات کرتے ہوئے ’آئی جی ایف سی ‘ نے مکران میڈیکل کالج، تربت کے عملے کی واجب الادا تنخواہوں کا مسئلہ بھی اجاگر کیا، جسے وزیراعلیٰ نے فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر 4 اساتذہ کو نئی خودکار نظام کے تحت تقرری کے خطوط بھی پیش کیے گئے، جس سے تعلیمی ادارے کے عملے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کی غیر متوقع شرکت نے اساتذہ اور طلبہ میں خصوصی پذیرائی حاصل کی اور یہ پروگرام یادگار لمحوں سے بھر گیا۔ افطار ڈنر میں نہ صرف کھانے اور مہمان نوازی کا انتظام کیا گیا بلکہ طلبہ و اساتذہ کی تعلیمی اور فلاحی ضروریات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔
تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ طلبہ کی علمی اور عملی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا اور صوبے میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کرے گا۔