ایپل کے اگلے فلیگ شپ فون کی لانچ میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں، مگر iPhone 18 Pro Max سے متعلق لیکس اور افواہوں نے ٹیک مارکیٹ میں ابھی سے ہلچل مچادی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی آئی فون 17 کی غیر معمولی کامیابی کے بعد ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کے بجائے کارکردگی اور کیمرہ اپ گریڈ پر توجہ دے سکتی ہے۔
ڈیزائن اور ڈسپلے
لیک اطلاعات کے مطابق آئی فون 18 سیریز کے ڈیزائن میں کوئی ڈرامائی تبدیلی متوقع نہیں۔ پرو میکس ماڈل بدستور 6.9 انچ ڈسپلے کے ساتھ آسکتا ہے، البتہ ہلکی مگر نمایاں تبدیلیوں میں بیک گلاس پر ہلکا شفاف فنش، زیادہ یکساں ڈیزائن اور ممکنہ طور پر تین نئے رنگ جس میں کافی براؤن، پرپل اور برگنڈی شامل ہو سکتے ہیں۔
سب سے بڑی متوقع تبدیلی انڈر ڈسپلے فیس آئی ڈی ہے، جس کے تحت سینسرز اسکرین کے نیچے چھپے ہوں گے۔ فرنٹ کیمرا اوپری بائیں کونے میں منتقل کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، جس سے ڈسپلے مزید صاف نظر آئے گا۔
کیمرہ اپ گریڈ
iPhone 18 Pro Max میں مرکزی ریئر کیمرے میں ویری ایبل اپرچر شامل کیے جانے کی افواہ ہے، جو کم روشنی اور ڈیپتھ آف فیلڈ پر بہتر کنٹرول دے گا ، مزید ممکنہ فیچرز میں بہتر ٹیلی فوٹو لینس، 24 میگا پکسل فرنٹ کیمرا اور پرو ماڈلز میں مکینیکل آئرس شامل ہیں۔
بیٹری اور کارکردگی
رپورٹس کے مطابق بیٹری گنجائش 5000 ایم اے ایچ سے زائد ہو سکتی ہے، جبکہ ای سم ماڈلز میں یہ 5200 ایم اے ایچ تک پہنچ سکتی ہے۔ نئی A20 Pro چپ ویفر لیول ملٹی چپ ماڈیول ٹیکنالوجی کے ساتھ متوقع ہے، جو رفتار اور توانائی کی بچت بہتر بنائے گی۔
دیگر امکانات میں C2 موڈم، مکمل سیٹلائٹ فون صلاحیت اور 12 جی بی ریم شامل ہیں ، دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنے اپ گریڈز کے باوجود قیمت میں نمایاں اضافہ متوقع نہیں۔
مجموعی طور پر، آئی فون 18 پرو ایک ایسے ڈیوائس کے طور پر سامنے آ رہا ہے جو بڑی تبدیلی کے بجائے بہتری اور نفاست پر مبنی ہوگا۔ توقع ہے کہ یہ ہاتھ میں مانوس احساس دے گا، مگر ساتھ ہی زیادہ صاف، دلکش اور بھرپور ڈسپلے تجربہ فراہم کرے گا اور کیمرہ صلاحیتوں میں بھی نمایاں مضبوطی لائے گا۔
نئے ڈیزائن کے بجائے، ایپل بظاہر اُن خصوصیات کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دے رہا ہے جنہیں صارفین روزمرہ استعمال میں سب سے زیادہ استعمال کرتے ہیں۔