نادرا نے شناختی کارڈ اور ب فارم کی مختلف کیٹیگریز کے لیے فیسوں اور کارڈ کی تیاری کی مدت سے متعلق اہم معلومات جاری کر دی ہیں، جس کے تحت شہریوں کو مختلف سہولیات اور اخراجات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ اب صرف ایک شناختی دستاویز نہیں رہا بلکہ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات سے براہِ راست منسلک ہو چکا ہے، اور اس کے بغیر اسکولوں میں داخلہ یا طبی ریکارڈ کی تصدیق ممکن نہیں۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہریوں کے لیے نئے اسمارٹ شناختی کارڈ کی فیس نارمل کیٹیگری میں 750 روپے ہے جس کی تیاری کا دورانیہ 31 دن ہے، جبکہ ارجنٹ کیٹیگری کے لیے 1500 روپے فیس کے ساتھ 23 دن میں کارڈ تیار ہوگا اور ایگزیکٹو کیٹیگری میں 2500 روپے فیس کے ساتھ 9 دن میں کارڈ جاری کیا جائے گا۔
اسی طرح شناختی کارڈ کی تجدید یا تبدیلی کے لیے نارمل فیس 400 روپے، ارجنٹ فیس 1150 روپے اور ایگزیکٹو فیس 2150 روپے مقرر کی گئی ہے۔
فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایگزیکٹو) کی فیس 1000 روپے رکھی گئی ہے جسے ایک دن میں جاری کیا جائے گا، جبکہ چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور ب فارم کے لیے نارمل فیس 50 روپے اور ایگزیکٹو فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی نئی فیسوں کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت زون اے (امریکہ اور یورپ) میں نئے نکوپ کی نارمل فیس 39 ڈالر، ارجنٹ 57 ڈالر اور ایگزیکٹو 75 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ زون بی (مڈل ایسٹ اور افریقہ) میں نارمل فیس 20 ڈالر، ارجنٹ 30 ڈالر اور ایگزیکٹو 40 ڈالر رکھی گئی ہے۔
نادرا نے اسمارٹ نکوپ میں عمر کی تبدیلی کے لیے بھی فیس اور طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے PakID ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی تفصیلات اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔