خود کو تحقیقاتی صحافی قرار دینے والے یوٹیوبر عادل راجا کو برطانوی عدالت میں بڑا دھچکا لگ گیا۔ عدالت نے ان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کے الزامات کو بدنیتی پر مبنی اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق عادل راجا کی جانب سے پیش کیے گئے دعوؤں کی حمایت میں قابل قبول شواہد فراہم نہیں کیے جا سکے۔ سماعت کے دوران جب جج نے ٹھوس ثبوت طلب کیے تو مدعا علیہ کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ دیا جا سکا، جس پر عدالت نے ان کا مؤقف مسترد کر دیا۔
مظلومیت کا دعویٰ بھی مسترد
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سیاسی انتقام اور مظلومیت کا بیانیہ عدالتی جانچ پر پورا نہیں اتر سکا۔ جج نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد یا ادارے پر سنگین الزامات عائد کرنے سے قبل مستند شواہد پیش کرنا قانونی تقاضا ہے، محض ویڈیوز یا سوشل میڈیا بیانات کافی نہیں ہوتے۔
قانونی تجزیہ کاروں کے مطابق فیصلے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے اور کسی کی شہرت کو نقصان پہنچانے والے دعوؤں کو بغیر ثبوت نشر کرنا قانون کی نظر میں قابل مواخذہ ہے۔
بھاری مالی جرمانہ
عدالت نے عادل راجا پر 3 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کیا جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 12 کروڑ روپے بنتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ رقم ہرجانے اور قانونی اخراجات کی مد میں ادا کی جائے گی۔
قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی رقم کا جرمانہ اس نوعیت کے مقدمات میں غیر معمولی تصور کیا جاتا ہے اور یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر سرگرم افراد کے لیے واضح پیغام ہے کہ جھوٹے یا غیر مصدقہ الزامات کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔
اپیل کے امکانات محدود
عدالتی فیصلے کے بعد مزید اپیل کے امکانات محدود ہو گئے ہیں اور قانونی راستے تقریباً بند تصور کیے جا رہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سوشل میڈیا کے میدان میں سرگرم دیگر افراد کے لیے بھی ایک مثال بن سکتا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیا جانے والا مواد بھی قانون کے دائرے میں آتا ہے۔
دوسری جانب عادل راجا یا ان کے نمائندوں کی جانب سے فیصلے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم توقع ہے کہ وہ آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔