اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایف بی آر نے ڈیجیٹل نیشنل کارگو ٹریکنگ سسٹم متعارف کرادیا

اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایف بی آر  نے ڈیجیٹل نیشنل کارگو ٹریکنگ سسٹم متعارف کرادیا

ڈیجیٹل نیشنل کارگو ٹریکنگ سسٹم (سی ٹی ایس) اور ای بلٹی میکانزم کے ڈیزائن مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد اسمگلنگ کی روک تھام اور تجارت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق اس منصوبے کے تحت اشیا کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی روایتی کاغذی بلٹی کو الیکٹرانک بلٹی میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے اسٹریٹیجک فزیبلٹی اسیسمنٹ اور ڈیزائن کے معاہدے پر دستخط بھی کر دیے گئے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق مجوزہ سی ٹی ایس پلیٹ فارم کمرشل کارگو کو ٹریک کرنے کی سہولت فراہم کرے گا جبکہ ہر کھیپ کے لیے منفرد اور فوری قابلِ تصدیق کیو آر کوڈ کے ساتھ ای بلٹی جاری کی جائے گی۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اس نظام کے ذریعے کسٹمز انفورسمنٹ ٹیمیں قانون کی پابندی کرنے والے اور خلاف ورزی کرنے والے کارگو کے درمیان واضح فرق کر سکیں گی۔

چیئرمین ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل اور شفاف معیشت کے وسیع تر وژن کا ایک بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے جعلی سیلز ٹیکس انوائسز کو ممکن بنانے والی خامیوں کو دور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قلعہ سیف اللہ سیکٹر اورچمن سیکٹر میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی ہیوی گنز کا قہر، افغان طالبان اپنی پوزیشنز چھوڑ کر فرار

ممبر کسٹمز آپریشنز کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد راستے میں سامان کی فزیکل جانچ پڑتال اور تاخیر کو کم کرکے تجارت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق سی ٹی ایس نظام کسٹمز افسران کو رسک بیسڈ ڈیٹا فراہم کرے گا۔

ایف بی آر کے مطابق معاہدے کے تحت ایک جامع تجزیاتی اور تکنیکی ڈیزائن مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ منتخب کنسلٹنگ فرم کو بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے لاجسٹکس اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے قوانین کو عالمی معیار کے مطابق بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *