پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں نئی پیش رفت

پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں نئی پیش رفت

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق اس اہم مشاورتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سفیر نبیل منیر، خصوصی سیکرٹری ‘اقوامِ متحدہ’ نے کی، جبکہ کینیڈین وفد کی سربراہی اسسٹنٹ ڈپٹی منسٹر ‘انڈو پیسفک’ سفیر ویلڈن ایپ نے کی۔ اجلاس میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان بھی شریک تھے، جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نیدرلینڈز کے خلاف بابراعظم کی لاجواب فیلڈنگ، ورلڈ کپ کا یاد گار لمحہ کیسے بن گئی

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کینیڈین وزیر خارجہ کے ساتھ حالیہ روابط اور رابطہ کاری کو سراہا اور کہا کہ اعلیٰ سطحی روابط نے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو ایک واضح سٹریٹجک سمت فراہم کی ہے اور باہمی شراکت داری کو نئی رفتار ملی ہے۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور مستحکم بنانے کے لیے مسلسل سیاسی رابطہ ناگزیر ہے۔

مشاورت کے دوران موجودہ دوطرفہ معاہدوں کے مؤثر اور بروقت نفاذ پر زور دیا گیا اور نئے تعاون کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری برادری کی معاونت، تجارتی وفود کے تبادلوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ترجمان کے مطابق دونوں ممالک نے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور ایگری ٹیک، کان کنی اور معدنیات، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت اور آئی سی ٹی میں اشتراک، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری، تعلیم و تحقیق اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان اور کینیڈا کا زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق، ہائبرڈ بیج اور لائیو اسٹاک میں شراکت داری کی راہ ہموار

اجلاس میں پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کو کلیدی عنصر قرار دیا گیا اور نجی شعبے میں ابھرتے ہوئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے وفود نے عالمی اور علاقائی صورتحال سمیت اہم کثیرالجہتی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *