ایران کیجانب سے اسرائیل سمیت خلیجی ممالک کے مختلف امریکی اڈوں پر ڈرون و میزائل حملے جاری

ایران کیجانب سے اسرائیل سمیت خلیجی ممالک کے مختلف امریکی اڈوں پر ڈرون و میزائل حملے جاری

مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی نے سنگین صورت اختیار کر لی ہے جس کے نتیجے میں مختلف ممالک پر حملوں اور جوابی کارروائیوں کی اطلاعات آ رہی ہیں،ایران کی اسرائیل سمیت مختلف خلیجی ممالک پر بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، اس میں  نہ صرف جانی و مالی نقصان ہوا ہے بلکہ عالمی فضائی آپریشن بھی شدید متاثر ہوا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی حملوں میں تل ابیب ، یروشلم دھماکوں سے گونج اٹھا جس کے بعد سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو بنکروں میں منتقل کیا گیا، مقبوضہ بیت المقدس میں میزائل گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،  اسرائیلی میڈیا کے مطابق  مغربی یروشلم پر ہونے والے حملے میں 9 اسرائیلی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

خلیجی ممالک پر ایرانی حملے

رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے سعودی عرب کے شہر راس تنورہ  میں آرامکو آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی ، آرامکو ملک کی سب سے بڑی آئل کمپنی سمجھی جاتی ہے اور اس تنصیب پر حملے نے توانائی کے عالمی شعبے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ پر بھی حملہ کیا گیا ہے ۔

اس سے قبل کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں اٹھتے دیکھا گیا ، خبررساں اداروں کے مطابق جائے وقوعہ پر فائر فائٹرز اور ایمبولینسز بھی پہنچی جبکہ کویت میں واقع امریکی سفارتخانے نے اپنی ویب سائٹ پر شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ سفارتخانے کی طرف نہ آئیں، گھروں کی نچلی منزل پر پناہ لیں، کھڑکیوں سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ سفارتخانے نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں میزائل اور ڈرون حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

اسی دوران بحرین کے دارالحکومت منامہ، قطر کے دارالحکومت دوحہ اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق دوحہ اور دبئی میں متعدد زور دار دھماکوں اور جنگی طیاروں کی پروازوں کی آوازیں سنائی دیں۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے فضائی حملے کے سائرن فعال کرنے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ منامہ کو ملانے والا شیخ خلیفہ بن سلمان پل عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

خطے میں جاری حملوں اور جوابی کارروائیوں کے باعث خلیجی ممالک میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کویت میں امریکی جنگی طیارہ ایف 15 گرکر تباہ

قبرص کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ کے فوجی اڈے ایکروٹری پر ہونے والا حملہ بغیر پائلٹ ڈرون کے ذریعے کیا گیا، جس سے محدود نقصان ہوا۔

اصفہان میں ایک امریکی ڈرون مار گرائے جانے اور کویت میں کئی امریکی طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔

ایران پر امریکی اسرائیلی حملے 

دوسری جانب ایران کے صوبے فارس میں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں 35 افراد جاں بحق ہوگئے، تہران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں میں چینی شہری ہلاک ہوگیا، چینی وزارت خارجہ نے شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

لبنان پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہوگئی۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملے میں 149 افراد زخمی بھی ہوئے۔

خطے میں جاری اس کشیدگی کے باعث عالمی فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے،  مختلف ایئرلائنز نے مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازیں منسوخ یا متبادل راستوں پر منتقل کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق1239 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر محصور ہیں، پاکستان میں بھی گزشتہ تین دن کے دوران پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *