محمد شہباز شریف نے شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے جس میں ایران پر اسرائیل کے حملے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کی شدید مذمت کی گئی۔
گفتگو کے دوران قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا،ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیر اعظم نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان قطری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی،گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے حالیہ دوحا ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے اور سفارتی روابط کو مزید فعال بنانے پر بھی زور دی،دوسری جانب نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عبداللہ بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اس گفتگو میں متحدہ عرب امارات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی پیش رفت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنا ضروری ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق گفتگو میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے پر بھی بات ہوئی،پاکستانی قیادت نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے میں امن کے لیے تعمیری اور مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔