مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مقامی افراد کی جانب سے پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حق میں نعرے لگائے گئے اور ان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ مناظر اس وقت دیکھنے میں آئے جب علاقے میں عوامی اجتماع کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہو رہی تھی۔
دوسری جانب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کی خبروں پر بھی کشمیری عوام نے بھرپور ردعمل دیا۔
پمپور کی جامعہ مسجد میں اس حوالے سے ایک خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں نمازیوں کو خطے میں امن کے قیام اور مسلم دنیا کے اتحاد کے لیے دعا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں اس نوعیت کے واقعات غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں، جہاں سرحد پار پاکستان کے لیے کھلے عام جذبات کا اظہار ایک انوکھا پیغام تصور کیا جا رہا ہے۔ عوامی سطح پر سامنے آنے والے یہ مناظر خطے کی بدلتی ہوئی فضا اور عوامی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔