راولپنڈی میں حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے 2 ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل پینل تشکیل دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے لیے میڈیکل پینل تشکیل دیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل پینل کچھ دیر میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کرے گا، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی آنکھ کے جاری علاج کے تسلسل میں مزید معائنہ کیا جائے گا۔
اپنی ٹوئٹ میں عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج اور مزید معائنہ ایک خصوصی طبی ادارے میں ماہرینِ امراضِ چشم کریں گے اور ان کے علاج اور معائنے کی تفصیلی رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔