وزیراعظم شہباز شریف سے رجب طیب اردوان نے ٹیلفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی حالیہ صورتحال اور امن کے قیام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ترک صدر نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے تاریخی امن اقدام پر وزیراعظم کو دلی مبارکباد پیش کی،ترک صدر رجب طیب اردوان نے خلیجی خطے میں جاری تباہ کن تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو جرات مندانہ اور مدبرانہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سمجھدار حکمتِ عملی کے باعث نہ صرف کشیدگی میں کمی آئی بلکہ انسانی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کی بڑے پیمانے پر تباہی سے بھی بچاؤ ممکن ہوا۔
گفتگو کے دوران ترک صدر نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ترکیہ امن و استحکام کی بحالی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں اور ترکیہ اس مقصد کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حوصلہ افزائی اور توثیق پر شکریہ ادا کیا انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔