عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کو بڑا ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 15 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر درآمدی ممالک پر بھی مرتب ہوں گے۔ آئندہ قیمتوں کے تعین میں پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 95 سے 100 روپے فی لیٹر تک نمایاں کمی کا امکان ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے جو موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ کمی حالیہ عالمی پیش رفت کا نتیجہ ہے، جہاں امریکا ایران جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ اسٹاک مارکیٹس میں بھی نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اگر عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو نہ صرف مہنگائی میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔