بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو مقامی عدالت سے ایک اور بڑا ریلیف مل گیا ہے ۔راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ہے
عدالت میں کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ سماعت کے دوران علیمہ خان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ موجودہ حالات میں ان کے لیے ہر سماعت میں پیش ہونا ممکن نہیں، لہٰذا انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
جج امجد علی شاہ نے درخواست پر غور کرنے کے بعد اسے منظور کر لیا اور کیس کی مزید سماعت کے لیے نئی تاریخ 6 اپریل مقرر کر دی۔
اس مقدمے کے سلسلے میں عدالت نے تمام فریقین کو حکم دیا کہ وہ آئندہ سماعت میں مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں، تاکہ مقدمے کی کارروائی مؤثر طریقے سے مکمل کی جا سکے۔
مقدمے سے متعلق قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ استثنیٰ کی منظوری کا مقصد عدالتی کارروائی میں شفافیت کو یقینی بنانا اور فریقین کو قانونی حقوق فراہم کرنا ہے۔