چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے عیدالفطر کے موقع پر ضلع کرم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افواجِ پاکستان کے جوانوں کے ساتھ عید منائی اور ملکی خودمختاری کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورہ کرم کے دوران جوانوں اور افسران کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور ملک کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت پاکستان میں امن قائم ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے افواج ہر قیمت پر تیار ہیں۔
عاصم منیر نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے اور سرحد پار موجود دہشتگرد پناہ گاہوں سے سرگرم عناصر کو کسی صورت پاکستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے آپریشن غضب للحق کے تحت دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تحسین ہیں اور یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مکمل امن بحال نہیں ہو جاتا۔
فیلڈ مارشل نے اس موقع پر علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی دہرایا اور کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
قبل ازیں، عاصم منیر کی آمد پر پشاور کور کے کمانڈر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

