بلوچستان میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لے لی ہے، جہاں بارش لانے والا نیا موسمی سسٹم صوبے میں داخل ہونے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز یہ سسٹم بلوچستان میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خضدار، چاغی، واشک، سوراب، نوشکی اور مستونگ میں ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ کوئٹہ، پشین، چمن، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور ژوب میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی اور جنوبی اضلاع گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، قلات اور خاران میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت کے پہاڑی علاقوں میں کل رات ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق 9 سے 10 فروری کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسی دوران بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، نور پور تھل، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔