پشاور سے کراچی جانے والی تیز گام ایکسپریس لودھراں اور بہاولپور کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرین کے ڈبوں کو جوڑنے والا ہک اچانک ٹوٹ گیا، جس کے باعث انجن کے ساتھ جڑے ہوئے سات ڈبے آگے کی جانب نکل گئے جبکہ پیچھے موجود بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
حادثے میں مجموعی طور پر 7 بوگیاں پٹری سے اتریں، جن میں سے 5 بوگیاں الٹ گئیں جبکہ 2 ڈیریل ہوئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم معمولی زخمی مسافروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، جبکہ اسٹیشن ماسٹر اور اے ایس ایم لودھراں بھی ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق حادثہ انجن کے بعد چوتھی بوگی سے شروع ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کے اعلیٰ حکام جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔
حادثے کے باعث متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے، جبکہ بحالی کا کام جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔