حکومت پاکستان اور عوام غم کی اس گھڑی میں ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں،شہباز شریف

حکومت پاکستان اور عوام غم کی اس گھڑی میں ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں،شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوامِ پاکستان ایرانی بہن بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس سانحے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای ایک بااثر اور اہم عالمی شخصیت تھے جن کی قیادت میں ایران نے مختلف ادوار میں اہم فیصلے کیے۔ ان کی شہادت خطے کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں عالمی قوانین اور سفارتی روایات کے احترام پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریاستوں کی خودمختاری اور بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق روایات اور عالمی قوانین کے تحت ریاستوں کے سربراہان کو نشانہ بنانا قابلِ تشویش امر ہے، اور ایسے اقدامات عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :مشہد سے تہران تک اقتدار کا سفر، آیت اللہ علی خامنہ ای کون تھے؟، انہوں نے ایران کو کیسے بدلا؟

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سید علی خامنہ ای کی مغفرت فرمائے اور ایرانی عوام کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا کرے۔

بیان کے اختتام پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مشکل وقت میں اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے اصولوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *