وفاقی حکومت کی ہدایات پر موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی حدِ رفتار میں کمی کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایندھن کی بچت اور بہتر ٹریفک نظم و ضبط کے پیش نظر نئی رفتار کی حدود فوری طور پر نافذ کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز پر کاروں اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز (ایل ٹی وی) کی زیادہ سے زیادہ رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پبلک سروس وہیکلز (پی ایس وی) اور ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز (ایچ ٹی وی) کے لیے رفتار کی حد 90 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح قومی شاہراہوں پر کاروں اور ایل ٹی وی کے لیے زیادہ سے زیادہ رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پی ایس وی اور ایچ ٹی وی کے لیے رفتار کی حد 65 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
سنٹرل ریجن موٹروے پولیس کے ترجمان عمران احمد کے مطابق نئی حدِ رفتار کا بنیادی مقصد ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات میں کمی لانا بھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں موٹروے پولیس کی جانب سے باقاعدہ آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ ڈرائیورز کو نئے قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق ڈرائیورز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ رفتار کی پابندی کریں، ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹروے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔