ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے میچ میں پاکستان نے امریکا کو شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں یو ایس اے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ گزشتہ ایونٹ میں امریکا سے شکست کے بعد پہلی مرتبہ آمنے سامنے ہونے پر پاکستانی بیٹرز نے چھکوں اور چوکوں کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔
ابتدائی شراکت میں صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے 5 اوورز میں ٹیم کی ففٹی مکمل کی۔ صاحبزادہ فرحان نے 3 چھکے اور 4 چوکے جبکہ صائم ایوب نے 3 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
پاکستان کو پہلا نقصان 54 رنز پر اٹھانا پڑا، جب صائم ایوب 17 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان علی آغا 56 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ پر بابر اعظم کے ساتھ صاحبزادہ فرحان نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے 12ویں اوور کی پانچویں گیند پر ٹیم کے 100 رنز مکمل کیے۔ فرحان اور بابر کے درمیان 53 گیندوں پر 81 رنز کی پارٹنر شپ بنی، جو 137 رنز پر ختم ہوئی، جہاں بابر اعظم 32 گیندوں پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
چوتھی وکٹ بھی جلد گر گئی اور صاحبزادہ فرحان 41 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد شاداب خان نے 12 گیندوں پر 30 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی طرف بڑھایا، جبکہ محمد نواز کے ساتھ مل کر 34 رنز کی پارٹنر شپ بھی بنائی۔ شاداب 177 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
چھٹی، ساتویں اور آٹھویں وکٹوں پر مجموعی طور پر صرف 3 رنز کا اضافہ ہوا، تاہم آخری اوور میں شاہین آفریدی نے چھکا لگا کر ٹیم کا ٹوٹل 190 رنز تک پہنچایا۔
امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شواک ویک نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سورابھ نیٹراوالکر، محمد محسن اور ہرمیت سنگھ نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں امریکا کا آغاز بہتر رہا، لیکن حریف ٹیم کی پہلی وکٹ 42 رنز پر گری جب آندریس گوس 13 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔