کراچی پولیس کا فینسی نمبر پلیٹوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کا فیصلہ، 30 مارچ سے بلا امتیاز کارروائی کا آغاز

کراچی پولیس کا فینسی نمبر پلیٹوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کا فیصلہ، 30 مارچ سے بلا امتیاز کارروائی کا آغاز

کراچی کے شہریوں کے لیے پولیس حکام کی جانب سے ایک اہم انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق شہر بھر میں غیر قانونی، فینسی اور غیر منظور شدہ نمبر پلیٹیں لگا کر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک جامع اور سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی خصوصی ہدایت پر شروع ہونے والی اس مہم کا باقاعدہ آغاز 30 مارچ 2026 سے ہوگا، جس کے دوران ایسی تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو فوری طور پر دھر لیا جائے گا جن پر حکومت کی منظور شدہ کمپیوٹرائزڈ پلیٹس کے بجائے نجی یا فینسی پلیٹس آویزاں ہوں گی۔

پولیس چیف نے واضح کیا ہے کہ اس بار مہم کے دوران کسی بھی قسم کی سفارش یا رعایت کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور قانون شکنی کے عادی افراد کی یہ “خراب عادت” چھڑوا کر ہی دم لیا جائے گا تاکہ شہر میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فینسی اور غیر واضح نمبر پلیٹس نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ سنگین سیکیورٹی خدشات کا باعث بھی بنتی ہیں کیونکہ مختلف فونٹس اور ڈیزائنز کی وجہ سے پولیس اور سی سی ٹی وی کیمروں کو گاڑی کی شناخت کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اسی تناظر میں کراچی پولیس نے عوام کو آخری وارننگ دی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ پریشانی، بھاری جرمانے یا گاڑی کی ضبطگی سے بچنے کے لیے 30 مارچ سے قبل اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس درست کروا لیں اور صرف محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ سرکاری پلیٹس ہی استعمال کریں۔

پولیس کا مقصد اس مہم کے ذریعے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانا اور سڑکوں پر چلنے والی ہر چھوٹی بڑی گاڑی کے ریکارڈ کو شفاف بنانا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: موٹر وہیکل آرڈیننس ترامیم کے بعد پنجاب میں 12 ارب 55 کروڑ روپے وصول، ٹریفک پولیس کی رپورٹ جاری

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *