معرکۂ حق میں کامیابی کشمیریوں کی قربانیوں کی فتح ہے، شہباز شریف

معرکۂ حق میں کامیابی کشمیریوں کی قربانیوں کی فتح ہے، شہباز شریف

وزیراعظمِ پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری مہاجرین کے لیے ایک بڑا ریلیف اعلان کرتے ہوئے ان کا ماہانہ گزارہ الاؤنس 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 6 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان نے کشمیری عوام کو نہ پہلے کبھی تنہا چھوڑا ہے اور نہ آئندہ کبھی چھوڑے گا۔

جمعرات کو مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’معرکہ حق میں کامیابی کشمیری عوام کی قربانیوں کی فتح ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز آج پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سامنے آ چکا ہے اور پاکستان ہر سفارتی اور اخلاقی فورم پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں:یومِ یکجہتی کشمیر: ایک قوم، ایک آواز، ایک مؤقف، حقِ خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پاکستان کا دوٹوک اعلان

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسی زبان میں اسے جواب دیا جائے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو ایسی عبرتناک شکست دی جو اس کی آنے والی نسلیں بھی نہیں بھول سکیں گی۔ ان کے بقول ’معرکہ حق میں پاکستان نے بھارتی غرور اور گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا‘۔

شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد بھارت عسکری شکست کو تسلیم کرنے کے بجائے اپنی پراکسیز کے ذریعے خطے میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، تاہم افواجِ پاکستان بھارتی جارحیت اور دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’جب تک بھارت اپنے ناپاک عزائم ترک نہیں کرے گا، اس خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا‘۔ معرکہ حق میں کامیابی کشمیریوں کی قربانیوں کی فتح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تنازع کشمیر اور فلسطین سے متعلق اپنے اصولی مؤقف پر پوری طرح قائم ہے اور عالمی برادری کو دونوں تنازعات کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارت کا جھوٹا بیانیہ زمین بوس ہو چکا ہے اور پاکستان نے خارجہ محاذ پر نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں‘۔

مزید پڑھیں:معرکہ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست: سیٹلائٹ تصاویر میں بھارت میں زمینی تباہی کے مناظر سامنے آ گئے

انہوں نے آزاد جموں کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دانش اسکولوں کی تعمیر سمیت تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کشمیری عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان کشمیری مہاجرین کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کرے گی۔

خطاب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’ہمیں اتحاد اور اتفاق کے ساتھ دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے اور پوری قوم کو کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کی تلقین کی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *