نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ شام اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفادی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں ہم منصبوں نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور کشیدگی میں کمی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام کے مفاد میں تمام کوششوں کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ و نائب صدر کایا کالس سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں حالیہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بات چیت کی اور بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن اور استحکام کے قیام کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ بدلتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ مشاورت جاری رکھی جا سکے۔