مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث خطے میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے اور گزشتہ پانچ روز کے دوران آٹھ ممالک میں منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان سے بھی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں مسلسل چھٹے روز متاثر رہیں، جس کے باعث مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے مشرق وسطیٰ کے لیے 35، لاہور سے 29 اور ملتان سے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12 جبکہ فیصل آباد سے 6 پروازیں بھی منسوخی کا شکار ہوئیں۔ کوئٹہ سے مشرق وسطیٰ کے لیے 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے پیش نظر دبئی، ابوظبی اور شارجہ کے ہوائی اڈوں سے 167 خصوصی پروازیں آپریٹ کی گئیں تاکہ متاثرہ مسافروں کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران اور امریکا کے مابین معاہدے کیلئے پاکستان کردار ادا کر رہا ہے ۔رانا ثناءاللہ
رپورٹس کے مطابق خطے میں حملوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث سعودی عرب کے شہروں ریاض اور دمام کے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے، جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ جبکہ 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
اسی طرح دبئی، ابوظبی، شارجہ، کویت، بحرین اور دوحہ سمیت خطے کے متعدد ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر رہا۔ فضائی ڈیٹا کے مطابق کویت اور دوحہ سے گزشتہ پانچ روز کے دوران ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں ہو سکی۔
عالمی فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران کی 240، عراق کی 215، بیروت کی 58، حیفا کی 25 اور تل ابیب کی 380 پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور عالمی فضائی نظام پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

