نیدر لینڈز کیساتھ میچ کے دوران ذہن میں کیا تھا؟، قومی ٹیم کے فاتح آل راؤنڈر فہیم اشرف کا بیان سامنے آگیا

نیدر لینڈز کیساتھ میچ کے دوران ذہن میں کیا تھا؟، قومی ٹیم کے فاتح آل راؤنڈر فہیم اشرف کا بیان سامنے آگیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدر لینڈز کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر فہیم اشرف کا اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔ فہیم اشرف نے دباؤ کے عالم میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور ٹیم کو یادگار کامیابی سے ہمکنار کیا۔

فہیم اشرف نے محض 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 29 رنز بنائے، جس میں 3 شاندار چھکے اور 2 دلکش چوکے شامل تھے۔ ان کی برق رفتار اننگ نے نہ صرف مطلوبہ رن ریٹ کو قابو میں رکھا بلکہ نیدر لینڈز کے بولرز کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔ آخری لمحات میں ان کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی بھی 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ بھی پڑھیں:فہیم اشرف کی دھواں دار بیٹنگ، پاکستان نے نیدر لینڈز کے منہ سے جیت چھین لی

پاکستان کی جانب سے بیٹنگ میں صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 رنز اسکور کیے، جبکہ صائم ایوب نے 24 اور بابر اعظم نے 15 رنز بنائے۔ تاہم میچ کے نازک مرحلے پر فہیم اشرف کی دھواں دار اننگ فیصلہ کن ثابت ہوئی، جس پر انہیں متفقہ طور پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ ’ٹیم کی فتح پر بہت خوشی ہے، ہم سب جیت کے لیے پُرعزم تھے’۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہم ایک سال سے اسی طرح کی مثبت اور بامقصد کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی ٹاسک ٹیم نے دیا ہو، اسے پورا کروں‘۔

فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ٹیم میں اعتماد اور اتحاد موجود ہے اور ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے میدان میں اتر رہا ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی میچ میں فتح نے ٹیم کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں اور آنے والے میچز میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی جائے گی۔

ماہرینِ کرکٹ کے مطابق فہیم اشرف کی یہ اننگ نہ صرف تکنیکی اعتبار سے شاندار تھی بلکہ ذہنی مضبوطی اور میچ سینس کی بہترین مثال بھی تھی، جس نے پاکستان کو ورلڈ کپ میں ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *