اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے انتخابات کے کچھ سیٹوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں جن کے مطابق جرنلسٹ پینل کے امیدوار احتشام الحق نائب صدر کی نشست جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
انتخابات میں مختلف پینلز کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا۔
نتائج کے مطابق احتشام الحق نے 1202 ووٹ حاصل کر کے نائب صدر کی نشست اپنے نام کر لی۔
ان کی کامیابی کو جرنلسٹ پینل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مقابلے میں دیگر مضبوط امیدوار بھی موجود تھےدوسری جانب ڈیموکریٹس پینل کے امیدوار عثمان خان اور بشیر چودھری بھی نائب صدر کی نشستوں پر کامیاب قرار پائے۔ بشیر چودھری نے 1076 ووٹ حاصل کیے جبکہ عثمان خان کو 1015 ووٹ ملے۔
انتخابات میں دیگر امیدواروں نے بھی قابل ذکر ووٹ حاصل کیے۔ اسد طور نے 974 ووٹ حاصل کیے جبکہ شاہ محمد کو 865 ووٹ ملے۔ اسی طرح خضر ملک نے 807 ووٹ حاصل کیے۔
نیشنل پریس کلب کے انتخابات کو صحافی برادری میں خاصی اہمیت حاصل ہوتی ہے کیونکہ یہ ادارہ ملک بھر کے صحافیوں کے مسائل، پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور آزادی صحافت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے، انتخابات کے دوران صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
نئے منتخب نمائندوں سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور صحافتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔