پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث گھریلو سلنڈر کی قیمت میں ایک ہزار روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں بھی ایل پی جی کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 90 سے 100 روپے تک اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد فی کلو قیمت 500 روپے کی سطح کو چھو سکتی ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس ممکنہ اضافے کے نتیجے میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں ایک ہزار روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 4500 روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں پہلے ہی 238 ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو قیمتوں میں اس اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آ سکتا ہے، جس کا براہِ راست اثر غریب عوام پر پڑے گا۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایل پی جی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر پالیسی واضح کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے تاکہ اس ممکنہ بحران سے بچا جا سکے۔