وزیر اعظم کو فرانسیسی صدر کا فون جنگ بندی، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں ثالثی کی کوششوں پر مبارکباد

وزیر اعظم کو فرانسیسی صدر کا فون جنگ بندی، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں ثالثی کی کوششوں پر مبارکباد

ایمانوئل میکرون نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور ممکنہ جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں پر شہباز شریف کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں علاقائی صورتحال، امن کی کوششوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا،اعلامیے کے مطابق فرانسیسی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی ان کاوشوں کو سراہا جن کے ذریعے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں متوقع امن مذاکرات کامیاب ہوں گے اور اس کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی،فرانسیسی صدر نے پاکستان کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :جنگ بندی پر برادر ملک پاکستان سمیت تمام فریقین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد،ترک صدر

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر فرانسیسی صدر کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مسائل کے پرامن حل کا حامی رہا ہے اور آئندہ بھی یہی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری کشیدگی اور جارحیت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تشدد اور خونریزی کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے۔ رہنماؤں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ تنازعات کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فرانسیسی صدر نے باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے اور اہم عالمی و علاقائی امور پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *