وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان اور انکے سرپرستوں کو واضح اور دوٹوک پیغام دے دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی ایکس پرایک بیان میں کہا کہ آپریشن رد الفتنہ بلوچستان میں خونریزی اور انتشار پھیلانے والوں کیلئے واضح پیغام ہے، بی ایل اے ایک فتنہ ہے جو معصوم شہریوں اور مزدوروں کو نشانہ بناتا ہے، یہ فتنہ بھارت کی ایماء پرپاکستان کی ترقی کے راستےمیں حائل ہے، پاکستان اپنی وحدت،ترقی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ فتنہ انگیزی کی ہرکوشش کاموثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، ریاست الحمدللہ مضبوط اورقوم متحد ہے، پاکستان کیخلاف اٹھنے والا ہر ہاتھ قانون کے مطابق نہ صرف پوری طاقت سے روکا جائے گا بلکہ ہمیشہ کیلئے توڑ دیا جائے گا، انشاءاللہ، پاکستان ہمیشہ زندہ باد وزیراعلیٰ بلوچستان۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں جاری آپریشن “ردالفتنہ” کی کامیاب تکمیل پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے ۔
انہوں نے دہشتگردی کے واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 36 معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جبکہ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے 22 سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے ‘آپریشن ردالفتنہ-1’ کو کامیابی سے مکمل کر لیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 216 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں ، یہ آپریشن صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی منظم کوششوں کے خلاف ایک فیصلہ کن اقدام ثابت ہوا۔