آج ملک بھرمیں موسم کیسارہے گااورکہاں کہاں بادل برسیں گے یا گرمی کی واپسی کا امکان ہے ؟محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم خشک رہنے کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جس سے درجہ حرارت معتدل رہنے کی توقع ہے، اسی طرح مری اور گلیات میں بھی موسم خشک اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے جنوبی اور مغربی اضلاع میں موسم کا رخ بدل سکتا ہے جہاں ڈیرہ غازی خان، لیہ، بہاولپور، بھکر، میانوالی اور خوشاب میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بنوں، کرک، ڈی آئی خان اور چترال میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے، مزید برآں وزیرستان، کرم اور ہنگو میں کہیں کہیں بارش ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، البتہ سکھر، دادو اور سانگھڑ میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے، اسی طرح نوشکی، ژوب، قلات، مستونگ، سبی، لورالائی اور خضدار میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں :عیدالفطر، لائن آف کنٹرول پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کا قوم کے نام خصوصی پیغام

