روس کا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ کریمیا میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں عملے کے 6 ارکان سمیت 29 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے روسی نیوز ایجنسیز کا حوالہ دیتےہوئے بتایا ہے کہ روس کی وزارت دفاع کی جانب سے بدھ کی صبح بیان جاری کیا گیا۔
نیوز ایجنسی ٹاس کے مطابق وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اے این 26 ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ کریمیا میں بحیرہ اسود کے قریب ایک چٹان سے ٹکرا کر گرا اور اس مقام کا پتہ چلا لیا گیا ہے ، یہ وہ علاقہ جس کو روس نے 2014 میں یوکرین سے الگ کر کے اپنے ساتھ ملا لیا تھا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق جہاز میں 23 افراد اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے اور وہ سب جان کی بازی ہار گئے، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ طیارے پر کوئی حملہ نہیں ہوا، ممکنہ طور پر فنی خرابی کے بعد طیارہ ایک پہاڑ سے ٹکرا گیا۔
ٹاس نیوز ایجنسی کی جانب سے حادثے کے مقام سے جاری کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے این 26 کا اڑان بھرنے کے بعد کمیونیکیشن ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کے بعد وہ ایک پہاڑ سے ٹکرا گیا۔
اسی طرح ریا نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں جہاز میں فنی خرابی کی اطلاع سامنے آئی ہے اور امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہی حادثے کی وجہ بنی۔
روسی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
اے این 29، 1960 کی دہائی کے اواخر سے استعمال ہورہا ہے اور اسے ایئر لائنز مال برداری کے لیے بھی استعمال کرتی رہی ہے، لیکن یہ ماڈل پچھلی دہائی کے دوران متعدد مہلک حادثات کا باعث بنا ہے۔