سری لنکا کے مایہ ناز اسپنر مہیش تھیکاشانا پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن کا حصہ بن گئے ہیں، جس سے ٹورنامنٹ کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے۔
پی ایس ایل فرنچائز حیدرآباد کنگسمین نے انہیں جنوبی افریقی فاسٹ بولر اوٹیل بارٹمین کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
تھیکاشانا اپنی منفرد اسپن بولنگ اور محدود اوورز کے فارمیٹ میں شاندار کارکردگی کی وجہ سے عالمی سطح پر پہچان رکھتے ہیں۔
حیدرآباد کنگسمین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تھیکاشانا کی شمولیت سے ٹیم کے باؤلنگ اٹیک کو مزید مضبوطی ملے گی اور وہ مڈل اوورز میں حریف ٹیموں پر دباؤ ڈالنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ان کی خاصیت خاص طور پر کیرم بال، بلے بازوں کے لیے چیلنج ثابت ہوتی ہے، جو ٹیم کے لیے ایک بڑا ہتھیار بن سکتی ہے۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کیلئے سری لنکا کے ہی آل راؤنڈر داسن شناکا کی ٹورنامنٹ سے دستبرداری لاہور قلندرز کیلئے دھچکا ثابت ہوئی تاہم لاہور قلندرز نے ان کی جگہ آسٹریلوی کھلاڑی ڈینیل سیمز کو شامل کر لیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 11 کے نئے شیڈول کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا ہے ، پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کا دورانیہ 39 دنوں پر محیط ہوگا، جس میں شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں فائنل بھی شامل ہے۔
پی ایس ایل نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے، ہر سال بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت اس لیگ کے معیار کو مزید بلند کرتی ہے ، تھیکاشانا جیسے تجربہ کار کھلاڑی کی آمد سے اس سیزن کی مسابقت مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔
شائقین کرکٹ اب بے صبری سے پی ایس ایل 11 کے آغاز کے منتظر ہیں، جہاں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت اور ٹیموں کی حکمت عملی ایک بار پھر سنسنی خیز مقابلوں کو جنم دے گی۔