وساکھی میلہ اور خالصہ کے جنم دن منانے کے حوالےسے 2800 بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے زریعے آج پاکستان پہنچیں گے۔
وساکھی میلے اور خالصہ کے 327 ویں جنم دن کی پرمسرت تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے تقریباً 2800 سکھ یاتری آج خصوصی طور پر واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات اور بند سرحدوں کے باوجود، پاکستان نے مذہبی رواداری اور خیر سگالی کے طور پر سکھ یاتریوں کے لیے واہگہ بارڈر کو خصوصی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واہگہ سرحد پر یاتریوں کے شاندار استقبال کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر اعلیٰ حکام یاتریوں کا استقبال کریں گے۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے مطابق، حکومتِ پاکستان کی جانب سے یاتریوں کے لیے قیام و طعام، بہترین سفری سہولیات، طبی امداد اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات کو بھرپور طریقے اور سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔ سکھ یاتریوں کی آمد سے جہاں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا، وہاں امن اور بھائی چارے کا پیغام بھی عام ہوگا۔
مزید پڑھیں: ہندوستان ایران کی چابہار بندرگاہ معاہدے سے پیچھے ہٹ گیا

