پاکستان اور قطر نے خطے میں بڑھتی کشیدگی میں کمی لانے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی اقدامات تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، اس دوران خطے اور عالمی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی پر تشویش ظاہر کی اور فوری طور پر کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا، قطری قیادت نے پاکستان کی امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو سراہا۔
ترجمان نے بتایا کہ گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بدلتی ہوئی صورت حال پر قریبی رابطے برقرار رکھنے کا عزم بھی دہرایا گیا، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ سوجیونو سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور انڈونیشیا کے مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو دوبارہ دہرایا،دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔