جنگ بندی کا اعلان اور اس پر فوری عملدرآمد پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، عطاء تارڑ

جنگ بندی کا اعلان اور اس پر فوری عملدرآمد پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، عطاء تارڑ

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حالیہ سیز فائر کا اعلان اور اس پر فوری عملدرآمد ایک بڑی کامیابی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزارتِ خارجہ اس تمام عمل میں بھرپور طور پر متحرک رہی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ وہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا کی مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے جو سفارتی پیش رفت کا نتیجہ ہے۔

وفاقی وزیر نے قین دہانی کرائی کہ عوام کو آئندہ پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا، وزیرِاعظم نے کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے، پٹرولیم مصنوعات سمیت تمام معاملات پر بات کریں گے، خطے میں پٹرولیم کی قلت تھی، ہم نے سپلائی چین کو بہتر طریقے سے منیج کیا۔

اُنہوں نے آج کا دن ’معرکۂ حق‘ کی طرح پاکستانی قوم کیلئے فخر کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹے اور آنے والے دن انتہائی اہم ہیں اور پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بہت بڑی جنگ تھی جس سے پورا خطہ بچ گیا ہے، دیرپا امن کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت اولین ترجیح امن کا قیام ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان چھا گیا !امریکا اور ایران جنگ بندی کا دنیا بھر میں خیرمقدم ، پاکستان کے کردار کی بھرپور پذیرائی

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف ممالک سے رابطہ کیا، اپنے ہم منصب سے رابطے میں رہے، نائب وزیراعظم بھی مختلف ممالک میں گئے اور کامیابی حاصل کی، بزرگ کہتے تھے پاکستان بین الاقوامی سطح پر کردار ادا کرے گا، وہ وقت آگیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کی ’ایک پوری تہذیب کو تباہ کرنے‘ کی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں محض چند گھنٹے باقی تھے کہ امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا کہ وہ ایران کے خلاف طے شدہ حملوں کو دو ہفتوں کے لیے مؤخر کر رہے ہیں اور انھوں نے یہ فیصلہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر کیا ہے۔

اس اعلان کے فوراً بعد ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے تصدیق کی کہ امریکہ کے ساتھ اب 10 نکاتی ایجنڈے پر مذاکراتی عمل 15 روز کے لیے اسلام آباد میں جمعے سے شروع ہو گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *