وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے ایک اہم اور انقلابی اقدام کرتے ہوئے تمام ضروری مراحل کو ایک ہی چھت تلے مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت عازمین کو تربیت، ویکسینیشن اور دیگر دستاویزی کارروائیوں کے لیے بار بار مختلف مقامات کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ تمام ضروری امور ایک ہی دن میں مکمل کیے جا سکیں گے۔
حکام کے مطابق اس “ون ونڈو آپریشن” کا مقصد عازمین کے وقت اور سفری اخراجات کی بچت کو یقینی بنانا ہے۔ اس سہولت کے تحت تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو حج تربیت، لازمی ویکسینیشن، فضائی ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکٹ، سامان کے ٹیگز اور ادویات کی پیکنگ جیسی خدمات ایک ہی جگہ فراہم کی جائیں گی۔
حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز رواں ہفتے بدھ سے کیا جا رہا ہے، جس کے دوران ملک کے 10 بڑے شہروں میں قائم حاجی کیمپ فعال رہیں گے۔ ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
وزارت کے ترجمان عمر بٹ نے بتایا کہ ویکسینیشن اور تربیتی سیشنز کا مکمل شیڈول Pak Hajj App پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ حاجی کیمپ آتے وقت اپنا اصل شناختی کارڈ اور تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید لازمی ہمراہ لائیں۔