نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ادارے کی جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کیلیے اہم ہدایات جاری کر دیں جس میں عوام الناس کو الرٹ بھی جاری کیا گیا ۔
نادرا نے عوام میں آگاہی کے لیے جعلی ویب سائٹ سے متعلق انتباہ جاری کیا ، ادارے کے ویزا پورٹل کی نقالی پر مبنی ایک جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی ہوئی ہے جو یہ ہے: https//www.visa.nadragov.online
ترجمان نادرا کے مطابق یہ ویب سائٹ ادارے سے منسلک نہیں ہے اور ممکن ہے کہ ذاتی معلومات یا ادائیگیوں کے حصول کے لیے استعمال کی جا رہی ہو، پیغام میں کہا گیا کہ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اس ویب سائٹ تک رسائی حاصل نہ کریں اور اس پر کسی قسم کی معلومات فراہم نہ کریں، ادارے کا واحد سرکاری ویزا پورٹل یہ ہے: https//visa.nadra.gov.pk
نادرا نے کہا کہ ہمیشہ یقینی بنائیں کہ نادرا کی خدمات .gov.pk پر ختم ہونے والی سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے ہی استعمال کی جائیں۔
دوسری جانب، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے شہریوں کیلیے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق ایک ماہ میں 9 نادرا کی طرز کی ویب سائٹس بلاک کر دیں جو شہریوں کی ذاتی معلومات چرا رہی تھیں۔
الرٹ میں بتایا گیا کہ نادرا طرز کی جعلی ویب سائٹس شہریوں کا ڈیٹا چوری کرنے کیلیے کام کر رہی تھیں۔
شہریوں کو تصدیق کیے بغیر ذاتی معلومات شیئر نہ کرنے اور مشکوک ای میل لنکس و ایس ایم ایس پر کلک نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ نیشنل سرٹ اور نادرا شہریوں اور پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کے تحفظ کے لیے بدنیتی پر مبنی سائبر سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی اور ان کے خلاف کارروائی کے لئے مصروف عمل ہیں۔