پیٹرول پر سبسڈی کن صارفین کو دی جائے گی؟ حکومت کی نئی تجویز سامنے آگئی

پیٹرول پر سبسڈی کن صارفین کو دی جائے گی؟ حکومت کی نئی تجویز سامنے آگئی

حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل اور3 پہیوں والی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر سبسڈی دینے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں، جس کا مقصد کم آمدنی والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنا اور ایندھن کے استعمال میں کفایت شعاری کو فروغ دینا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ مخصوص صارفین کو ماہانہ 20 سے 30 لیٹر تک ‘ٹارگٹڈ سبسڈی’ دی جائے، جس کے تحت سبسڈائز پیٹرول کی فراہمی کے لیے ہر صارف کو خصوصی کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے، تاکہ صارفین کو درست معلومات اور سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا بڑا فیصلہ، عوام کو پیٹرول پر فوری ریلیف دینے پر اتفاق

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کفایت شعاری کے منصوبے کے تحت وفاقی حکومت نے صوبوں سے تقریباً 154 ارب روپے کی فنڈنگ طلب کر لی ہے تاکہ سبسڈی کے نفاذ اور ایندھن کی منظم تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ملک بھر میں فیول کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں فیول کی موجودہ سپلائی 10 مئی تک کے لیے کافی ہے۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی بھی ممکنہ ردوبدل کے لیے حتمی فیصلہ کرنے کے لیے صدر، وزیرِاعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ کی مشترکہ ملاقات اگلے ہفتے متوقع ہے۔

واضح رہے کہ  اس اقدام سے کم آمدنی والے شہریوں کو فوری ریلیف مل سکتا ہے، جبکہ حکومت کی کفایت شعاری کی پالیسی ایندھن کی غیر ضروری کھپت کو کم کرنے اور ٹریفک کے دباؤ کو منظم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ تاہم، اس بات پر زور دیا گیا کہ سبسڈی کا نفاذ شفاف اور ہموار ہونا چاہیے تاکہ حقیقی اہل صارفین ہی اس سے مستفید ہوں۔

سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں اس خبر کے بعد مختلف ردعمل دیکھنے میں آیا، کچھ صارفین نے خوشی کا اظہار کیا جبکہ دیگر نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ سبسڈی کی تقسیم میں شفافیت اور نگرانی یقینی بنائی جائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *